بھٹکل 20 مئی (ایس او نیوز) بھٹکل سمیت ضلع اُترکنڑا میں 22 مئی سے 24 مئی تک کورونا لاک ڈاون میں مزید سختی کی جارہی ہے اور لوگوں کو گھروں سے باہر نکلنے پر مکمل پابندی عائد کی جارہی ہے، اس بات کا اعلان اُترکنڑا کے ڈپٹی کمشنر ملئے مھیلن نے کیا ہے۔
جمعرات کو سرکولر جاری کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا ہے کہ یہ لاک ڈاون 22 مئی صبح 6 بجے شروع ہوکر 24 مئی صبح 6 بجے تک لاگو رہے گا۔جس کے دوران روزمرہ کی ضروری اشیاء خریدنے کے لئے فی الحال صبح چھ بجے سے صبح دس بجے تک جو چھوٹ دی گئی تھی، بتائی گئی مدت میں وہ چھوٹ بھی نہیں دی جائے گی۔
سرکولر میں بتایا گیا ہے کہ بتائی گئی مدت کے دوران کسی بھی پرائیویٹ گاڑیوں کو راستوں پر نکلنے کی اجازت نہیں ہو گی ا ور سواریوں سمیت ہر طرح کی آمد و رفت پر مکمل پابندی رہے گی۔ البتہ میڈیکل سروس ، دیگر خدمات اور سرکاری اہلکاروں کو شناختی کارڈ کی بنیاد پر آنے جانے کی اجازت ہوگی۔یہ بھی بتایا گیا ہے کہ تمام طرح کی کاروباری سرگرمیوں سمیت کام کاج یہاں تک کہ کھیتی باڑی پر بھی پابندی عائد رہے گی، صرف دودھ اور ضروری اشیاء سمیت ترکاری، سبزی اور فروٹس فروخت کرنے والوں کو گھر گھر جاکر سپلائی کرنے کی اجازت ہوگی۔
ڈپٹی کمشنر نے اپنے سرکیولر میں اس بات کی بھی تاکید کی ہے کہ ان قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف مختلف دفعات کے تحت معاملات درج کرتے ہوئے سخت کاروائی کی جائے گی۔
سرکیولر میں واضح کیا گیا ہے کہ ضلع اُترکنڑا میں کورونا کے بڑھتے معاملات کو دیکھتے ہوئے اس طرح کا سخت لاک ڈاون نافذ کیا جارہا ہے تاکہ کورونا کے پھیلتے چین کو توڑا جاسکے۔